کے ٹو سر کرنے والےپاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ اور دیگر کی کوئی خبر نہ مل سکی

 اسکردو: نامور پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ اور ان کی ٹیم کے ٹو کی بلندی سے واپس نہ لوٹ سکی۔ گزشتہ روز سے ان کا اپنے اہل خانہ، ٹیم اور کیمپ سے رابطہ بھی منقطع ہے۔پاک آرمی کے ہیلی کاپٹرز نے ان کی تلاش میں 7000 میٹر کی بلندی تک پرواز کی، لیکن علی سدپارہ اور ٹیم کی تلاش میں کوئی کامیابی نہیں ملی۔

علی سد پارہ اور ان کی ٹیم انتہائی بلندی پر پہنچ گئے تھے، تاہم گزشتہ روز سے ان کا اپنے اہل خانہ، بیس کیمپ اور ٹیم سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا، ان کی ٹیم میں شامل غیر ملکی کوہ پیماؤں کا تعلق آئس لینڈ اور چلی سے ہے، جب کہ علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سد پارہ بحفاظت کیمپ ون میں پہنچ گئے ہیں، اور انہیں لینے کے لیے بیس کیمپ سے ٹیم روانہ ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ٹو پر موسم خراب اور ہوا تیز ہو رہی ہے، اور آرمی ہیلی کاپٹرز بھی مزید پیشرفت کئے بغیر واپس سکردو لوٹ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ کوہ پیما محمد علی سدپارہ اور ان کی ٹیم دنیاکے دوسرے بلند ترین پہاڑ کے ٹو کو سرد موسم میں سر کرنے کی مہم میں مصروف ہیں۔

Comments are closed.