اسلام آباد:وزیرداخلہ شیخ رشید سے امریکی وزارت خارجہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری لیسلی وی ویگیوری نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور ،ڈینیل پرل قتل کیس میں ملوث مجرم عمرشیخ، انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
امریکی وزارت خارجہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری نے کہا کہ انسانی سمگلنگ اورمنشیات روکنے کیلئے پاکستان کی حالیہ کوششوں کو سراہتے ہیں اور ان مقدمات میں کارروائی مزید تیز کرنے کے خواہشمند ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے حکومت نے دو نئے قوانین نافذ کیے ہیں۔امید ہے اس سے انسانی سمگلنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے پاک افغان سرحد پر باڑ بھی بہت موثر ثابت ہورہی ہے، وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان نے گذشتہ برس انسانی سمگلنگ میں ملوث دو ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کسی رعائیت کےمستحق نہیں،قانون کےمطابق سزائیں پائیں گے۔
لیسلی وی ویگیوری نے کہاکہ انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معاونت فراہم کررہا ہے، امید ہے منشیات کے خاتمے کے قوانین میں اصلاحات کے لئے ادارے کی معاونت کارگر ثابت ہوگی ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان میں منشیات کنڑول کے حوالے سے سخت ترین سزائیں موجود ہیں۔منشیات کی روک تھام کے حوالے سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔
امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری نے کہاکہ ڈینئیل پرل کیس میں ملوث عمر شیخ کی رہائی کے معاملے کو امریکہ بہت سنجیدگی سے دیکھتاہے۔ شیخ رشید نے کہاکہ عمر شیخ کی رہائی کے خلاف سندھ اور وفاق کی اپیلیں دائر ہوچکی ہیں۔عمرشیخ کی رہائی کے خلاف حکومتی اپیل پر سپریم کورٹ میں کاروائی مسلسل جاری ہے، سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کی روشنی میں عمر شیخ کے معاملے کو دیکھا جائیگا۔ لیسلی وی ویگیوری کاکہنا تھاکہ عمر شیخ کی رہائی کے خلاف حکومتی اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
Comments are closed.