حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج آنا شروع، تجارتی خسارے میں 27 فیصد کمی

اسلام آباد: درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کے نتائج آنا شروع ہو گئے، رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران تجارتی خسارے میں 27 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

وزارت تجارت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا فروری برآمدات میں 3.62 فیصد اضافہ ہوا جب کہ درآمدات میں 14.39فیصد کمی واقع ہوئی، اس دوران تجارتی خسارہ 15ارب 65کروڑ 90لاکھ ڈالرز رہا جو گزشتہ سال اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 21ارب46 کروڑ 60لاکھ ڈالرز تھا۔

جولائی تا فروری  کےدوران ملکی برآمدات کا حکم 15 ارب 64کروڑ 30لاکھ ڈالرز رہا گذشتہ سال اسی عرصے میں برآمدات کا حجم 15ارب 9کروڑ60لاکھ ڈالرز تھا، جولائی تا فروری درآمدات31 ارب 30کروڑ 20لاکھ ڈالرز رہیں گذشتہ سال اسی عرصے میں درآمدات کا حجم 36ارب 56کروڑ 20لاکھ ڈالرز تھا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق فروری 2019کے مقابلے میں فروری 2020میں برآمدات میں 13.61فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، رواں برس فروری میں تجارتی خسارے میں 19.67فیصد جب کہ درآمدات میں 4.56فیصد کمی ہوئی، برآمدات کا حجم 2ارب 13کروڑ 70لاکھ ڈالرز رہا گزشتہ ماہ برآمدات 1 ارب 88کروڑ 10لاکھ ڈالرز تھیں۔

وزارت کے مطابق گذشتہ ماہ تجارتی خسارہ ایک ارب 81کروڑ 70لاکھ ڈالرز رہا جب کہ فروری 2019میں تجارتی خسارہ 2ارب 26کروڑ 20لاکھ ڈالرز تھا، گزشتہ ماہ  درآمدات 3ارب 95کروڑ 40لاکھ ڈالرز رہیں اوردرآمدات کا حجم 4ارب 14کروڑ 30لاکھ ڈالرز تھا۔

Comments are closed.