اسرائیلی صدر کی پاکستانی وفد سے ملاقات کی تصدیق، بہترین تبدیلی قرار

اسرائیل کے صدر آئزک ہرزوگ نے امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے ایک وفد سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے اسے حیرت انگیز تجربہ قرار دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ یہ اسرائیل اور مسلم دنیا کے درمیان تعلقات میں بڑی تبدیلی کی ایک مثال ہے۔

اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے یہ انکشاف 26 مئی کو سوئٹرزلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے دوران خصوصی خطاب میں کیا۔

آئزک ہرزوگ نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے دو وفود سے ملاقات کی جو بڑی تبدیلی کا مظہر ہے، ایک گروپ مراکش سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کا تھا جو فیس بُک پر ایک اسرائیلی گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنی والی ملاقات میں رکاوٹوں کو ختم کرنے اور ایک دوسرے کے ساتھ آگے بڑھنے کے حوالے سے ان کی بات چیت حیرت انگیز تھی۔

اسرائیلی صدر کا کہنا تھا کہ اس کے اگلے روز امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے ایک گروپ سے ہماری ملاقات ہوئی ان کے ہمراہ ملک اور خطے کے دیگر افراد بھی موجود تھے، یہ ملاقات ایک حیرت انگیز تجربہ تھا، ہمارے پاس اسرائیل میں پاکستانی رہنماؤں کا کوئی گروپ نہیں ہے اور یہ سب ابراہم معاہدے سے ممکن ہوا ہے یعنی یہودی اور مسلمان خطے میں ایک ساتھ رہ سکتے ہیں۔

واضح رہے آئزک ہرزوگ نے ملاقات کے لئے اسرائیل جانے والے ان پاکستانیوں کی تفصیلات نہیں بتائیں جن سے انہوں نے ملاقات کی تھی تاہم اسرائیل کی غیر سرکاری تنظیم ’شراکہ‘ نے امریکی پاکستانیوں کے وفد کی ملاقات کے انتظامات کیے تاکہ ’مشرقِ وسطیٰ میں امن کو فروغ‘ دیا جاسکے۔

Comments are closed.