فرانسیسی انٹیلی جنس کا انکشاف: پاکستان نے رافیل طیارہ گرا دیا

پیرس / اسلام آباد — ایک سینئر فرانسیسی انٹیلی جنس عہدیدار نے امریکی نشریاتی ادارے CNN کو بتایا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی رافیل طیارہ گرائے جانے کے دعوے میں صداقت ہو سکتی ہے۔ اگر یہ تصدیق ہوتی ہے تو یہ تاریخ میں پہلا موقع ہوگا جب فرانسیسی ساختہ رافیل جنگی طیارہ کسی جنگ میں تباہ ہوا ہے۔

پاکستانی فوج نے بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی میں بھارتی فضائیہ کے پانچ طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا، جن میں تین رافیل طیارے شامل ہیں۔ بھارت نے تاحال اس دعوے پر کوئی سرکاری موقف پیش نہیں کیا۔

فرانسیسی انٹیلی جنس عہدیدار نے بتایا کہ حکام یہ جانچ کر رہے ہیں کہ کیا ایک سے زیادہ رافیل طیارے گرائے گئے یا نہیں۔ بھارتی زیرانتظام کشمیر میں تباہ ہونے والے ایک طیارے کے ملبے میں فرانسیسی فیکٹری کا لوگو دیکھا گیا ہے، جس سے اس دعوے کو تقویت ملتی ہے۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف ملبے کی بنیاد پر یہ حتمی طور پر کہنا ممکن نہیں کہ وہ رافیل طیارے کا حصہ ہے۔ دوسری جانب، فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی ڈاسو ایوی ایشن (Dassault Aviation) نے CNN کی جانب سے تبصرہ کی درخواست کا اب تک کوئی جواب نہیں دیا۔

عالمی مبصرین اس پیشرفت کو نہ صرف بھارت کی دفاعی صلاحیت کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان سمجھ رہے ہیں بلکہ اس سے رافیل طیارے کی ناقابل شکست ساکھ پر بھی اثر پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہ معاملہ بین الاقوامی میڈیا، عسکری تجزیہ کاروں اور دفاعی صنعت کے لیے خاصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

Comments are closed.