اسپین کے شہر بارسلونا میں پاک فیڈریشن کے زیراہتمام بارسلونا کے مقامی ہوٹل میں اخوت فاونڈیشن کے چئیرمین ڈاکٹرامجد ثاقب کی کتاب سیلاب کہانی کی تقریب رونمائی ہوئی۔ جس میں ۔مشہور مزاحیہ شاعر خالد مسعود، نامور اداکار افتخار ٹھاکر نے خصوصی شرکت کی۔ بارسلونا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی سماجی شخصیات کے علاوہ فیملیز کی کثیر تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کتاب “سیلاب کہانی” میں بارسلونا کو خصوصی ذکر کیاہے۔ گزشتہ سال پاکستان میں ہزاروں مکان سیلاب سے تباہ اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے تو بارسلونا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے دل کھول کر عطیات دئیے۔ معروف شاعر خالد مسعود کی طنزیہ شاعری اور افتخار ٹھاکر کی مزاح سے بھرپور باتوں پر حاضرین محفل نے دل کھول کر داد دی۔
اخوت فاونڈیشن کے چئیرمین ڈاکٹرامجد ثاقب کا کہنا تھاکہ مایوسی روشنی اور امید میں بدلتی ہے انسان کو مایوس ہو کر کوشش کبھی نہیں چھوڑنی چاہیے۔ جب شمعیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر روشن ہوں گی تو اندھیرے دور ہو جائیں گے ان کا کہنا تھاکہ انسان کو اپنے حصے کی نیکی کرنی چاہیے جب بہت ساری نیکیاں اکٹھی ہو جائیں گی تو دنیا خوبصورت ہوجائے گی۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے سپین کے شہر قرطبہ کی تاریخی حیثیت اور اس کے مقام پر روشنی ڈالی، ان کا کہنا تھا کہ قرطبہ یونیورسٹی بھی اس وقت کی ہارورڈ یونیورسٹی تھی۔ اپنے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کریں،انھوں نے علم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ہم پیچھے رہ گئے ہیں بچوں کو پڑھائیں، یہی بچے ہمارا مستقبل ہیں۔
کتاب سیلاب کہانی پر پر سید ایاز حسین، مسز ذوالقرنین شاہ ، جاوید مغل، راجہ ساجد محمود ، شفیق کیانی،اور سید شیراز شاہ نے اظہار خیال کیا۔بارسلونا کے مقبول شاعر فیاض ملک نے ہمیشہ کی طرح اپنی نظم “اس شہر دیاں کیا باتاں نیں ” سنا کر خوب داد وصول کی۔اس موقع پر ڈاکٹر امجد محمود ثاقب کی کتاب سیلاب کہانی کا سٹال لگایا گیاتھا تقریب میں شامل افراد نے کتاب کی خریداری کی۔تقریب کا اہتمام سپین میں پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ پاک فیڈریشن سپین کی جانب سے کیاگیاتھا۔تقریب کے آخر میں اخوت کی جانب سے اخوت سے تعاون کے اعتراف میں کچھ شخصیات کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
Comments are closed.