بارسلونا: مختلف ممالک کی طرح اسپین میں بسنے والے پاکستانیوں نے بھی یوم آزادی کو ملی جوش و جذبے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا۔جشن آزادی کی تقریب پاکستانی قونصلیٹ بارسلونا میں منعقد کی گئی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد قونصلر اتاشی محمود اشرف منصور نے یوم آزادی کے حوالے سے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے تحریک پاکستان کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی، ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی انتھک محنت اور غیرمتزلزل عزم کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک ملک کا قیام ممکن ہوا۔ اپنے مقصد کے حصول کے لئے قائد اعظم نے صحت کی بھی پرواہ نہ کی۔
معروف صحافی سید فہد حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر صرف ایک پاکستانی کی پہچان اپنانی چاہیئے جو اجتماعیت کی نشانی ہے۔ وطن کے معاملے میں سیاسی نظریات و اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے صرف پاکستان کو پیش نظر ہونا چاہیئے۔
تقریب میں ارشد ساحل نے جشن ازادی کے حوالے سے اپنا کلام جبکہ سعید حیدری اور قدیر اے خان نے ملی نغمے پیش کئے۔تقریب کے اختتام پر جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا۔
Comments are closed.