امریکا نے افغان مرکزی بینک کے 9 ارب 50 کروڑ ڈالر کے اثاثے منجمد کردیئے

امریکا کی جانب سے افغانستان کے مرکزی بینک کے ساڑھے 9 ارب ڈالر کے قریب اثاثے منجمد کر دیئے گئے ہیں۔

افغانستان کے مرکزی بینک (ڈی اے بی) کے اربوں ڈالر کے اثاثے منجمد کرنے کا مقصد طالبان کی اس رقم تک رسائی کو روکنا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا میں افغان حکومت کا کوئی بھی اثاثہ طالبان کو دستیاب نہیں ہوگا اور یہ (اثاثے) محکمہ خزانہ کی پابندیوں کی فہرست میں رہیں گے۔

واضح رہے کہ دا افغان بینک (ڈی اے بی) کے قائم مقام سربراہ اجمل احمدی نے پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں ڈالرز کی ترسیل رکنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا طالبان کی جانب سے مالی وسائل تک رسائی پر پابندی لگانے جا رہا ہے۔

امریکا کی جانب سے پابندیوں کے باعث طالبان افغانستان کے مالی وسائل اور فنڈز تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے، یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دا بینک آف افغانستان کے بیشتر فنڈز افغانستان میں نہیں بلکہ امریکا میں ہیں۔

Comments are closed.