ہم غلام بن چکے ہیں، عمران خان کی بات آزادی اور خودمختاری کی ہے‘‘:علی امین گنڈاپور

لاہور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے لاہور ہائی کورٹ بار کے جنرل ہاؤس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملکی سیاسی صورتحال، عدالتی نظام، جمہوریت اور عمران خان کی جدوجہد پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست انصاف پر مبنی تھی، لیکن آج پاکستان میں ہمیں وہ انصاف کہیں نظر نہیں آتا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے ملکی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “ہمارے بڑوں نے بہت کچھ کیا، لیکن اس ملک میں زبردستی لوگوں کو اٹھا کر حکومتیں بنائی گئیں، مارشل لاء لگا دیے گئے، پہلے ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی، آج اسی بھٹو کو ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔”

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان آج قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، ہم خودمختار نہیں رہے، ہمارا کیبنٹ اور قیادت غلام بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر دھاندلی ہو رہی ہے، قوم کو سلیکٹڈ لیڈرز نہیں بلکہ اصل عوامی نمائندے چاہئیں۔

انہوں نے عمران خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ “وہ ناموس رسالت کی بات کرتا ہے، رول آف لا کی بات کرتا ہے، پاکستان کی خود مختاری چاہتا ہے، اسی لیے وہ جیل میں ہے۔ اگر یہ سلسلہ ایسے ہی چلتا رہا تو ہم ہمیشہ غلام ہی رہیں گے۔”

علی امین گنڈاپور نے الزام عائد کیا کہ اسٹیبلشمنٹ عوام کی آواز سننے کو تیار نہیں، عمران خان کے ورکرز، قیادت، یہاں تک کہ ان کی اہلیہ تک کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ “اگر جنگ چاہیے تو کیا آپ اپنے ہی لوگوں سے جنگ کرنا چاہتے ہیں؟”

وزیراعلیٰ نے لاہور ہائی کورٹ بار کے لیے 5 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ “ہمارے پاس بہت پیسہ ہے، ہمارا صوبہ امیر ترین ہے۔” خطاب کے اختتام پر انہوں نے وکلاء سے وعدہ لیا کہ وہ عمران خان کا ساتھ دیں گے اور جلد عمران خان خود بھی ان کے درمیان ہوگا۔

Comments are closed.