کیلی فورنیا یونیورسٹی میں فلسطین اور اسرائیل کے حمایتی طلبہ کے درمیان جھڑپیں

غزہ جنگ کے معاملے پر امریکی یونیورسٹیز میں ہونے والے احتجاج میں تیزی آ رہی ہے جب کہ لاس اینجلس کی یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں فلسطینیوں اور اسرائیل کے حمایتی طلبہ کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

امریکہ کی مختلف یونیورسٹیز میں احتجاج کرنے والے درجنوں طلبہ کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

لاس اینجلس یونیورسٹی میں جہاں فلسطین نواز طلبہ کا احتجاجی کیمپ مسلسل پھیل رہا ہے تو وہیں اسرائیل کے حمایتی طلبہ کے کیمپس میں بھی طلبہ کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

اتوار کو طلبہ کے دونوں گروپس کے درمیان اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی جب بعض مظاہرین نے دونوں گروپس کو الگ رکھنے کے لیے قائم حصار کو توڑ دیا۔

یونیورسٹی کی وائس چانسلر برائے اسٹرٹیجک کمیونی کیشن میری اوساکو کے مطابق دونوں دھڑوں کے ارکان نے ایک دوسرے کو ڈنڈے اور گھونسے مارنے کے علاوہ دھکے بھی دیے۔ دونوں دھڑوں کے طلبہ نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس دوران لاٹھی بردار کیمپس پولیس نے دونوں کو ایک دوسرے سے الگ کیا۔

اوساکو نے ایک بیان میں کہا کہ "یو سی ایل اے کی پرامن احتجاج کی جگہ ہونے کی ایک طویل تاریخ ہے۔ لہذٰا ہم اس تشدد کے بارے میں دل شکستہ ہیں۔”

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق جھڑپ کے دوران لاس اینجلس پولیس نے کوئی مداخلت نہیں کی۔ تاہم کیمپس پولیس نے ہی صورتِ حال کو کنٹرول کیا۔

یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق احتجاج میں یونیورسٹی کے باہر کے کچھ لوگ بھی شریک ہیں حالاں کہ انتظامیہ نے طلبہ کے دو گروپس کو پرامن احتجاج کی اجازت دی تھی۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.