وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان کی صورت حال انتہائی پیچیدہ ہے، امریکا کو بھی سمجھ نہیں آ رہی کہ افغانستان میں کیا ہو رہا ہے یا ایک ماہ میں وہاں کیا حالات ہوں گے، افغانستان میں سب سے بڑا لوزر بھارت ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گوادر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی صورت حال انتہائی گھمبیر ہے، امریکا کو خود سمجھ نہیں آرہی ہے کہ افغانستان کے اندر کیا ہو رہا ہے اور اسے کیا کرنا ہے، امریکا کو اندازہ نہیں غیر ملکی افواج کے انخلا ایک ماہ بعد افغانستان کے حالات کس طرف جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کے معاملے پر واضح موقف اپنایا ہے اور اس پر قائم ہے، افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغان فریقین نے کرنا ہے جو افغان عوام کے لئے قابل قبول ہو۔ دنیا نے افغانستان پر توجہ نہ دی تو وہاں مزید خونریزی ہوگی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت افغانستان کے اندر سب سے بڑا ‘لوزر’ بھارت ہے، کیونکہ بھارت نے افغانستان کے ذریعے خطے میں بدامنی پھیلانے کیلئے اربوں ڈالر کی انویسٹمنٹ کر رکھی ہے جو اس وقت خطرے میں ہے۔ ثابت ہو گیا ہے کہ بھارت دہشت گردی میں ملوث ہے اور لاہور میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ہیں۔
Comments are closed.