ورلڈ بنک کے گلوبل ڈائریکٹرکی احسن اقبال سے ملاقات

ورلڈ بنک کے گلوبل ڈائریکٹر برائے گور ننس آرتورو ہریرا کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ملاقات ترقیاتی منصوبوں میں بہتری لانے کے لئے اصلاحات پر تبادلہ خیال۔

ملاقات میںورلڈ بنک کے گلوبل ڈائر یکٹر کوبتایا گیا کہ وفاقی حکومت منصوبوں کی تکمیل کے مراحل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، منصوبوں کی جانچ اور ان سے بہتر نتائج کے حصول کے لئے جدید اسلوب اور ٹیکنالوجی کا استعمال اختیار کر رہے ہیں۔منصوبوں میں شفافیت لانے کے لئے ان کی تمام تفصیلات آن لائن موجود ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر مانیٹرنگ اور کارکردگی جانچنے کے لئے معیار کا تعین ضروری ہے، منصوبوں کی کارکردگی جانچنے کے لئے جیوگرافک انفارمیشن سسٹم وضع کیا گیا ہے، ملک میں موجود تمام شعبوں سے ماہرین کو دعوت دی کہ تبدیلی کے چیمپین بن کر نظام میں بہتری لانے کے لئے کام کریں۔ترقیاتی منصوبوں کی جانچ پڑتال کے عمل میں تمام شعبوں سے متعلقہ ماہرین کو شریک کیا جاتا ہے

احسن اقبال نے کہا کہ ماہرین کی شرکت سے منصوبوں کی مقررہ اہداف اور پیمانوں کے مطابق تکمیل میں خاطر خواہ مدد ملی ہے، ترقیاتی فنڈز کی دستیابی اور متعلقہ اداروں کی جانب سے طلب دونوں میں وسیع فرق ہے، وسائل میں رہتے ہوئے فنڈز کی طلب اور منصوبوں کی تکمیل بہت بڑا چیلنج ہے،قومی اداروں میں فنڈز کے درست استعمال اور ان کے اندر رہتے ہوئے منصوبوں کی تکمیل کی صلاحیت پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر ترقی نے کہا کہ منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ، وسائل کے درست استعمال اور شفافیت کی بدولت ہماری حکومت نے 2013 سے 2018 کے دوران 7 ارب روپے کی بچت کی، ہم نے 2013 میں وزارت منصوبہ بندی کو وزارت خزانہ سے نکال کر وزارت کا درجہ دیا، وزارت خزانہ کا حصہ ہونے کی صورت میں ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کا اختیار فنانس ڈویژن کے پاس رہتا ہے۔

احسن اقبال نے مزید بتایا کہ وزارت منصوبہ بندی ملک میں ایک خود مختار تھنک ٹینک کے طور پر کام کرتی ہے، ترقی کے فروغ کے لئے منصوبہ بندی کے عمل کا خودمختار ہونا اور فنڈز کی میرٹ پر فراہمی ناگزیر ہے، 2013 سے 2018 کے درمیان ترقیاتی بجٹ میں تین گنا اضافہ ہواہے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.