یورپ جانے کے خواہش مند81 پاکستانیوں سمیت 148 تارکین وطن گرفتار

مانیٹرنگ ڈیسک

غیرقانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 81 پاکستانیوں سمیت 148 تارکین وطن کو شمالی مقدونیہ سے گرفتار کر لیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق شمالی مقدونیہ کی پولیس نے ملک کے وسطی اور شمالی حصوں میں دو الگ الگ کارروائیوں میں ٹرکوں میں سوار81پاکستانیوں سمیت 148 تارکین وطن کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے بتایا کہ تارکین وطن کی اسمگلنگ میں ملوث دو مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پولیس گشت پر مامور اہلکاروں نے دارالحکومت اسکوپے سے 110 کلومیٹر جنوب میں واقع دمیر کاپیجا نامی قصبے کے قریب ایک ٹرک اور مسافر کار کو روکا، تلاشی کے دوران ٹرک سے مجموعی طور پر 103 تارکین وطن چھپے ہوئے ملے جن میں 29 بچے بھی شامل تھے۔

تارکین وطن میں سب سے زیادہ 81 افراد کا تعلق پاکستان سے ہے جبکہ 10 افغان باشندے شامل تھے۔ بھارت سے تعلق رکھنے والے 8 ، مصر سے 2 ایران اور شام کا ایک ایک باشندہ بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل ہے۔

پولیس نے بتایا کہ شمالی مقدونیہ سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ غیر قانونی تارکین وطن کو جنوبی سرحدی شہر گیجیلیجا کی ایک پناہ گاہ میں منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں یونان بھیجا جائے گا۔

دریں اثناء پولیس نے ایک اور کارروائی میں بنگلہ دیش، صومالیہ، پاکستان اور فلسطین سے تعلق رکھنے والے مزید 45 تارکین وطن کو سربیا کی سرحد کے قریب واقع شمالی گاؤں واکسین کے قریب ایک لاوارث ٹرک سے حراست میں لیا۔ پولیس نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

واضح رہے کہ مختلف ترقی پذیر ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکین وطن کی اکثریت ترکی سے یونان جاتے ہیں اور پھر سربیا کے راستے یورپی یونین کے خوشحال ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

Comments are closed.