آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص: بھارتی ائیرڈیفنس سسٹم سمیت درجنوں اہداف تباہ کر دیئےگئے

جنگی جنون میں پاگل مودی سرکار کو سبق سکھانے کے لئے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص پوری قوت سے جاری ہے، پاکستانی سپرسونک میزائل نے اربوں ڈالر کا آدم پور میں بھارتی ایئرڈیفنس سسٹم تباہ کردیا۔

سیکورٹی ذرائع کی جانب سے یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پاکستان کی جانب سے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص میں متعدد ٹارگٹ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاکستان ائیرفورس کے جے ایف 17 تھنڈر کے ہائپر سونک میزائلوں نے آدم پور میں بھارت کا ائیرڈیفنس سسٹم تباہ کر دیا ہے، جس کی مالیت لگ بھگ 1.5 بلین ڈالر ہے۔

 بیاس براہموس سٹوریج سائٹ کی تباہی کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ گئی جس میں براہموس سٹوریج سائٹ کو تباہ ہوتے اور آگ کے شعلوں میں لپٹے دیکھا جا سکتا ہے،اس کے علاوہ پاکستانی افواج نے بھارتی آرٹلری پوزیشن دہرنگیاری اور اڑی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی تباہ کر دیا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج نے بھارت کو ہزیمت میں ڈال دیا ہے، بھارت مسلسل جھوٹ پر جھوٹ بولتا جارہا تھا، بھارتی قیادت کی مثال بغل میں چھری اور منہ میں رام رام جیسی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک جو بھی کررہے ہیں وہ ہم اپنے دفاع میں کررہے ہیں، آج رات جو انہوں نے کیا ہے وہ اب برداشت سے باہر ہے،ابھی تو ہم نے صرف انہیں جواب دیا ہے، ہمارا جو دفاع کا حق ہے وہ ہم کررہے ہیں۔

Comments are closed.