اسلام آباد: بھارت کی جانب سے پاکستان کے تین ایئر بیسز پر میزائل حملے کے بعد پاکستان نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی شروع کر دی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف اس وقت جوابی کارروائی جاری ہے، جس کے دوران بھارت کے اندر متعدد اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کی کارروائی کے نتیجے میں بھارت کے خطرناک ہتھیاروں کے ذخیرے کو نقصان پہنچا ہے، اور خاص طور پر براہموس میزائل کے ایک بڑے ڈپو کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت کے ردِعمل میں کی گئی ہے، جس میں بھارت نے نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ کو فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت کے ان حملوں کو پاکستان کے جدید ایئر ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنا دیا تھا اور تمام اہم عسکری اثاثے محفوظ رہے تھے۔ تاہم، بھارت کی جانب سے کھلی جارحیت پر پاکستان نے فوری ردعمل دیتے ہوئے بھارت کے اندر اہداف پر ہدفی کارروائیاں کیں، جس سے دشمن کے منصوبے بری طرح ناکام ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا، اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
Comments are closed.