بھارت دہشت گردی کا سب سے بڑا ریاستی سپانسرہے، پاکستان مشن اقوام متحدہ

اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کا کہنا ہے کہ بھارت دہشت گردی کا سب سے بڑا ریاستی ‘سپانسر’ ہے، مودی سرکار پاکستان میں امن خراب کرنے،دہشت گردی میں اضافے کیلئے دہشت گردوں کو مالی اعانت فراہم کرتی ہے۔

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے بیان پر پاکستان مشن نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے خود کو دہشت گردی کے خلاف چیمپئن کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی، حالانکہ بھارت دہشت گردی کا سب سے بڑا ریاستی سپانسر ہے، بھارت پاکستان  میں دہشت گردی اور دہشتگردوں کی مالی اعانت کرتا ہے۔

پاکستان مشن کا کہنا تھا کہ کراچی اسٹاک ایکسچینج جیسے متعدد دہشت گرد حملوں  میں بھارت ملوث ہے، 23 جون کو لاہور اور حالیہ  داسو حملے میں بھی بھارت ملوث ہے، مودی سرکار نے افغانستان میں امن عمل کو کمزور کرنے کی کوشش کی، ریاستی سطح پر دہشت گردی میں ملوث بھارت کو دہشت گردی کے خلاف تبلیغ کا اختیار نہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے  مشن نے  مقبوضہ جموں وکشمیر میں مودی سرکاری کی سرپرستی میں جاری ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے 9 لاکھ فوجی تعینات ہیں، بھارت آر ایس ایس کے بالادست ہندوتوا نظریہ کی رہنمائی کرتا ہے، کشمیری ہندو توا کے نظریے کو بھگت رہے ہیں۔

Comments are closed.