سینیٹ الیکشن کے دوران وزیرمملکت شہریار آفریدی کا ووٹ ضائع ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرمملکت شہریار خان آفریدی نے سینیٹ الیکشن کے لئے ڈالا گیا اپنا ووٹ ضائع ہونے سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا، وزیراعظم خان نے بڑے معرکے میں ووٹ ضائع کرنے پر شہریار آفریدی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ آپ رکن قومی اسمبلی ہیں آپکو نہیں پتہ ووٹ کس طرح کاسٹ کرتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے شہریار آفریدی سے مکالمے کے دوران کہا کہ سب کو طریقہ کار بتایا گیا تھاکہ ووٹ کیسے کاسٹ ہوتا ہے، آپکو ایسی غلطی نہیں کرنا چاہیئے تھی، شہریار آفریدی وزیراعظم کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
خیال رہے کہ سینیٹ کی 37 نشستوں کے لئے انتخابات آج (تین مارچ) کو ہو رہے ہیں قومی اسمبلی کی دو جنرل نشستوں پر ووٹنگ کے دوران وزیرمملکت شہریار آفریدی نے اپنے بیلٹ پیپر پر غلطی سے دستخط کر دیئے، بعد میں احساس ہونے پر انہوں نے دوبارہ بیلٹ پیپر جاری کرنے کی استدعا بھی کی۔
Comments are closed.