پنجاب میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت: تحفظات دور کرنے کے لیے کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اہم اجلاس طلب

پنجاب میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت کے درمیان پیدا ہونے والے تحفظات کو دور کرنے کے لیے دونوں جماعتوں کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اہم اجلاس 15 مارچ کو گورنر ہاؤس لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، مفاہمتی کمیٹی کا اجلاس شام 4 بجے ہوگا جس میں پیپلز پارٹی کے تحفظات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ اس اجلاس کا مقصد پیپلز پارٹی کے جانب سے صوبائی حکومت میں شراکت داری سے متعلق مطالبات اور شکوے دور کرنا ہے۔

پیپلز پارٹی نے صوبائی سطح پر اہم عہدوں پر نامزدگیوں، ترقیاتی فنڈز کے مساوی اجرا اور بیوروکریسی میں تبادلوں سمیت کئی معاملات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

اجلاس کی میزبانی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کریں گے، جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے راجہ پرویز اشرف، حسن مرتضیٰ، ندیم افضل چن اور قاسم گیلانی کی شرکت متوقع ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور خواجہ سعد رفیق کریں گے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس پنجاب میں اتحادی حکومت کے استحکام کے لیے نہایت اہم ہے، کیونکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے حالیہ دنوں میں بارہا شکایات سامنے آئی ہیں جن کے حل کے بغیر حکومت میں تناؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ دونوں جماعتیں اپنے اختلافات کس حد تک ختم کرنے میں کامیاب ہوتی ہیں اور آئندہ کے لیے حکومتی پالیسی پر کیسے متفق ہوتی ہیں۔

Comments are closed.