تحریک انصاف نیدرلینڈز کا کشمیریوں پربھارتی مظالم کیخلاف ایمسٹرڈیم میں مظاہرہ

ایمسٹرڈیم: بھارتی فوج کی درندگی کا شکار مظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لئے پاکستان تحریک انصاف نیدرلینڈز کے زیراہتمام ایمسٹرڈیم کے مرکزی مقام ڈیم اسکوائر پراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ہالینڈ میں مقیم پاکستانی اورکشمیری برادری نے شرکت کی۔

بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے 73 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے کیے گئے مظاہرے کےشرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی فوج اورحکومت کے خلاف نعرے درج تھے، مقررین نے گذشتہ سال اگست سے جاری کشمیر کے محاصرے کی شدید مذمت کی۔

مظاہرین نے مغربی ممالک اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں سے اپیل کی کے وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے مظالم بند کروانے میں اپنا کردار ادا کریں، مظاہرین سے خطاب کرنے والے مقررین کا مزید کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں  بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات کی وجہ سے سب کچھ جانتے ہویے بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں جو کہ قابل افسوس ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نیدرلینڈز کے جنرل سیکرٹری غلام حسین کیانی نے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بہترین طریقے سے پیش کرنے پرخراج تحسین پیش کیا اور دفتر خارجہ سے اپیل کی کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے کشمیر بیانیے کو آگے بڑھانے کے لئے اورسیز پاکستانی مشنز کو ہدایات جاری کرے۔

احتجاجی مظاہرے سے جاوید اقبال، راجہ اسد، ڈاکٹر عثمان اور ڈاکٹر محمد کامران نے  بھی خطاب کیا، مظاہرے کے شرکا نے اس عظم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کے حصول تک حمایت جاری رکھی جائے گی۔ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر نیدرلینڈز میں مظاہرین کی محدود تعداد کو احتجاج کی اجازت دی جا رہی ہے۔

Comments are closed.