‏ایکس بندش کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری داخلہ کو طلب کر لیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس بندش کے خلاف دائر درخواست پر سیکریٹری داخلہ کو 17 اپریل کو طلب کر لیا۔

‏چیف جسٹس عامرفاروق نے بدھ کو ایکس کی بندش کے خلاف صحافی احتشام عباسی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ایکس کی بندش سے متعلق جوائنٹ سیکریٹری داخلہ کی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ قیاس پر مبنی رپورٹ ہے جس میں وجوہات بیان نہیں کی گئیں۔ قومی سلامتی کو کوئی خطرہ ہوتو اس کی وجوہات تو بتائیں۔ الیکشن ہو گیا ہے بس اب ختم کریں۔

جوائنٹ سیکریٹری داخلہ نے عدالت کو بتایا کہ سیکیورٹی ایجنسیزکی رپورٹ پر ایکس بند کیا ہے۔ انٹرنیٹ پر اپلوڈ مواد سے امن کو خطرہ تھا۔

چیف جسٹس عامرفاروق نے آئندہ سماعت میں سیکریٹری داخلہ کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی خطرہ ہے اس سے متعلق وجوہات اور ثبوت تحریری پیش کریں۔ مفروضوں پر مبنی رپورٹ پیش نہ کی جائے۔ سیکرٹری داخلہ سے نہ ہوا تو وزیر اعظم کو بلایا جائے گا۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.